Office Hours: Mon - Thu: 09:00 hrs to 12:00 hrs
جاپان کو افرادی قوت کی برآمد میں پیش رفت
پاکستان اور جاپان کے مابین افرادی قوت کے معاہدوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔ ان معاہدوں کے تحت پاکستانی کارکن بطور ٹرینی یا بطور ماہر کارکن جاپان آنے کے لئے اہل ہیں۔ ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ پروگرام کے تحت جاپانی زبان کی بنیادی تعلیم ضروری ہے اور مخصوص ہنرمند پروگرام کے تحت جاپان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاپانی زبان کا امتحان کم ازکم N4 لیول پاس کرنا اور متعلقہ ہنر کا مخصوص امتحان پاس کرنا ضروری ہے ۔ ان معاہدوں کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان آئی ٹی سافٹ وئیر انجنئیرز اور دیگر شعبوں میں پاکستانیوں کے لئے جاپانی کمپنیوں میں مواقع تلاش کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔
گذشتہ برس کرونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد سفارت خانہ پاکستان جاپان نے پاکستان میں وزارت اوورسیز کے ساتھ مل کر جاپان میں پاکستانی افرادی قوت متعارف کروانے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ سال 2022 میں بیورو آف امیگریشن پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق 900 ہنر مند جاپان آئے جبکہ جاپانی امیگریشن اعدادو شمار کے مطابق یہ تعداد 1000 سے زیادہ ہے۔ ایک سال کے دوران جاپان آنے والے کارکنوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سال ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ پروگرام کے تحت ٹرینیز کی جاپان آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے وہیں سفیر پاکستان جناب رضا بشیر تاڑڑ کی زیر نگرانی پاکستانی آئی ٹی انجنئیرز کے لئے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ مخصوص ہنرمند پروگرام کے تحت جاپان وزارت زراعت جلد پاکستان میں ہنرجانچ کا امتحان شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے وہیں سفارت خانہ پاکستان جاپان کنسٹرکشن اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں پاکستانی ہنر مندوں کے لئے مواقع تلاش کر رہا ہے۔ جاپان میں پاکستان ہیومن ریسورس سیمینارز اور ویبینارز کا ایک سلسلہ شروع کیاگیا ہے اور اب تک ٹوکیو اور اوساکا میں بڑے ایونٹ منعقد کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں جاپانی زبان کی مناسب تعلیم کے لئے ایک ایکشن پلان بنایا گیا ہے جس میں متعلقہ وزارتوں، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نمل و دیگر یونیورسٹیز، ووکیسشنل ٹریننگ کے اداروں، اور نجی شعبے کو شامل کیا گیا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی ہنر مند جاپانی زبان کی مقررہ حد کے ساتھ ساتھ جاپانی کلچر کے بارے میں بھی تعلیم حاصل کریں۔ جاپانی کمپنیوں کی جانب سے کارکنوں کی بھرتی کا عمل سائنسی بنیادوں پر مبنی ہے اور اس عمل کے دوران کسی غیر متعلقہ فرد کے انتخاب کی گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے لہذا یہ غلط تاثر ہے کہ کارکنوں کے بھیس میں غیرمتعلقہ افراد کے لئے جاپان نئی منزل ہے۔ پاکستان میں اب جاپانی زبان سیکھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اس بات کی قوی امید ہے کہ اس سال اور آنے والے سالوں میں پاکستانی ہنر مندوں کی جاپان آمد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔
Tokyo, Sept. 28, 2023.